اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عراق کی ارضی سالمیت کے تحفظ پر تاکید کی ہے۔ عراق کے نائب صدر نوری مالکی نے آج تہران میں صدر مملکت حسن روحانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر جناب حسن روحانی نے کہا کہ ایران، ملت عراق کی مدد اور حمایت کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے اور عراق کی ارضی سالمیت کا تحفط ایران کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران، دہشتگردی کے مقابلے میں ملت عراق کے ہمراہ ہے اور ایران نے عراق کے لئے اپنی امداد کو کبھی مشروط نہیں کیا ہے۔صدر مملکت جناب حسن روحانی نے کہا کہ دشمنوں نے علاقائي ممالک کی ترقی میں شدید رکاوٹیں کھڑی کی ہیں اور آج ایک طرف سے انتھا پسندی، دہشتگردی اور تشدد کو بڑھاوا دیا ہے تو دوسری طرف سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سازش بھی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علاقائي ملکوں کو متحد ہوکر ان مشکلات کو حل کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج عراق میں حقیقی معنی میں جمہوریت حاکم ہے۔ اس ملاقات میں نوری مالکی نے کہاکہ جب سے سابق حکومت کا خاتمہ ہوا ہے ملت عراق کو چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت عراق نے رضاکاروں سے استفادہ کرنے کی ایران کی روش سے فائدہ اٹھا تے ہوئے دہشتگردوں کے قدم روک دئیے ہیں اوراب انہیں نکال باہر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲