5 نومبر 2014 - 13:00
مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلا کے لیے 2016 کی تاریخ معین کی جائے

فلسطینی علاقوں پر صیہونی حکومت کے قبضے کے خاتمے کی تاریخ معین کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینی اس ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کریں گے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی علاقوں پر صیہونی حکومت کے قبضے کے خاتمے کی تاریخ معین کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینی اس ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کریں گے۔

اس قرارداد کا متن پہلے سے ہی سلامتی کونسل کے 15 ارکان کے درمیان تقسیم کر دیا گیا ہے، توقع ہے کہ صیہونی حکومت کا قریبی اتحادی امریکہ اس قراداد کو بھی گزشتہ قراردادوں کی مانند ویٹو کر دے گا۔

قرارداد کے مسودے میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلا کے لیے 2016 کا تعین کیا گیا ہے.

فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اگر واشنگٹن اس قرارداد کو ویٹو کرتا ہے تو وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت میں رکنیت حاصل کریں گے تاکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جنگی جرائم کے لیے وہ اسرائیل کے خلاف الزامات دائر کر سکیں۔

امریکہ کے شدید دباؤ کے باوجود فلسطینی اس قرارداد کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

29 نومبر 2012 کو اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی نے فسطین کو غیر رکن مبصر ریاست کے طور پر تسلیم کر لیا تھا۔

مبصر ریاست کا درجہ حاصل ہونے کے بعد فلسطینیوں کو اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں میں رسائی حاصل ہو گئی ہے اور وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت آئی سی سی میں صیہونی حکومت کے خلاف عرضی داخل کر سکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169