5 نومبر 2014 - 12:30
داعش نے شامی کرد مغوی بچوں پر ظلم و ستم کی انتہا کردی

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی رپوٹ کے مطابق، تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے شام میں کرد بچوں کو اغوا کرکے انہیں مختلف طرح سے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی رپوٹ کے مطابق، تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے شام میں کرد بچوں کو اغوا کرکے انہیں مختلف طرح سے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 14 سے 16 سال کے کرد بچوں پر داعش کے دہشت گردوں نے انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ مئی میں تکفیری دہشت گروہ نے 250 سے زائد کرد بچوں کو اس وقت اغوا کیا جب وہ حلب میں اسکول کے امتحانات دے کر واپس اپنے شہر کوبانی جا رہے تھے۔

شدت پسندوں نے 153 کو اپنی تحویل میں رکھ کر ان پر مختلف قسم کے تشدد کیے اور اذیتیں دیں۔

رپورٹ کے مطابق، ان بچوں کو داعش کی وحشیانہ کارروائیوں اور قتل و غارت گری کی وڈیوز زبردستی دکھائی گئیں، شدت پسندی پر مبنی تکفیری خیالات سے آشنائی کے لیے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور انھیں متواتر زدو کوب کیا جاتا رہا۔

ان میں سے بعض بچے یہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جب کہ دیگر کو کوبانی میں کرد ملیشیا کے ساتھ داعش کے قیدیوں کی رہائی کے بدلے چھوڑا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان بچوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی گئی یہاں تک کہ ان کے ہاتھ پاوں باندھ کر انہیں الٹا بھی لٹکا جاتا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169