اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوجی حکام کے مطابق، افغانستان کی سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں جاری فوجی کارروائی کے دوران جھڑپوں میں 29 مشتبہ شدت پسند اور آٹھ فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بدھ کی شب جاری کیے گئے بیان کے مطابق یہ ہلاکتیں خیبر ایحنسی میں جاری فوجی آپریشن ’خیبر ون‘ کے دوران ہوئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپن قمر کے مقام پر ہونے والی جھڑپ میں متعدد شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مرنے والے فوجی اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی جس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے بھی شرکت کی۔
پاکستانی فورسز نے رواں ماہ ہی خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا جس میں فضائی کارروائیاں بھی کی گئیں۔
فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ خیبر ون آپریشن میں اب تک 44 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جب کہ درجنوں عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر خود کو حکام کے حوالے کر چکے ہیں۔
15 جون کو پاکستانی فوج نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بھی ضرب عضب کے نام سے بھرپور فوجی کارروائی شروع کی تھی جس میں اب تک 1100 سے زائد ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کو ہلاک اور ان کے زیراستعمال ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے جب کہ ٹنوں کے حساب سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
.......
/169