30 اکتوبر 2014 - 12:28
اقوام متحدہ، اسرائیل مقبوضہ علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات بند کرے

اقوام متحدہ کے ایک عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے فلسطینی مقبوضہ علاقے مشرقی بیت المقدس میں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر جاری رکھی تو اس سے تشدد میں اور اضافہ ہوگا اور مستقبل فسلطینی ریاست کی تشکیل خطرے میں پڑ جائے گی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیاسی امور کے سربراہ جیفری فیلٹمین نے صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزید 1000غیر قانونی نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر عمل نہ کرے، جو کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور نام نہاد دو ریاستی حل سے متصادم ہے۔

فیلٹمین نے اسرائیل سے کہا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے جب کہ فلسطینی سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہرے کرکے تشدد کو ہوا نہ دیں۔

انہوں نے دونوں فریقوں سے کہا کہ وہ بامعنی مذاکرات کے لیے پابند عہد رہیں۔

اقوام متحدہ کے سینئر عہدیدار نے یہ مطالبات ایسے وقت میں سامنے رکھے ہیں جب صیہونی حکومت نے 1967 کی جنگ کے دوران زیر قبضہ لیے گئے فلسطینی علاقوں میں ہزاروں غیر قانونی گھروں کی تعمیر کے بعد مزید ایک ہزار سے بھی زائد گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ صہیونی ریاست نے فلسطینی علاقے غزہ پر اپنی حالیہ وحشیانہ بمباری کے دوران تقریبا 2200 افراد کو شہید اور 11 ہزار سے زائد کو زخمی کر دیا تھا۔
.......

/169