27 اکتوبر 2014 - 13:15
تیونس میں پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ

تیونس کے عوام نئی پارلیمان کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈال رہے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2011ء میں عوامی انقلاب کے نتیجے میں سابق آمر زین العابدین کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد جمہوری طور پر انتقال اقتدار کا تیونس کی تاریخ میں یہ اہم موقع ہے۔

مقامی وقت کے مطابق، صبح سات بجے سے پولنگ شروع ہو گئی جو شام کو چھ بجے تک جاری رہے گی، جب کہ انتخابات کے نتائج کا اعلان جعمہ کو کیا جائے گا۔

انتخاب میں 5.3 ملین اہل ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے 217 رکنی پارلیمان منتخب کریں گے۔

انتخابی عمل کو دہشت گرد حملوں سے محفوظ بنانے کے لئے فوج، نیشنل گارڈز اور پولیس پر مشتمل 80 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

تیونس کی حالت اپنے ان ہمسایہ ملکوں سے قدرے بہتر ہے کہ جہاں خود تیونس سے اٹھنے والی عوامی تحریک کی لہر میں کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض آمروں کی حکومتوں کا خاتمہ ہو گیا۔

تیونس کے وزیر اعظم مھدی جمعہ نے ہفتے کے روز پارلیمانی انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان سے پورے خطے کی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ عوامی تحریک کا تجربہ کرنے والے متعدد عرب ملک اندرونی خلفشار کا شکار ہیں۔

.......

/169