27 اکتوبر 2014 - 12:14
عراق، جرف الصخر پر قبضے میں اغیار کا کوئی کردار نہیں

عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ جرف الصّخر نامی علاقے کی آزادی میں داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف تشکیل پانے والے اتحاد کا کوئی کردار نہیں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ جرف الصّخر نامی علاقے کی آزادی میں داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف تشکیل پانے والے اتحاد کا کوئی کردار نہیں ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس علاقے کو عراقی فوجیوں اور عوامی رضاکاروں نے اپنے بل بوتے پر آزاد کرایا ہے۔ ادھر عراق کے صوبے کربلا کی گورننگ کونسل کے سربراہ نصیف الخطابی نے کہا ہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں داعش دہشتگرد گروہ کو ملنے والی شکست اور عراقی فوجیوں اور عوامی رضاکاروں کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد اس دہشتگرد گروہ کی جانب سے وحشیانہ ردعمل کا اظہار، غیر متوقع نہیں ہوگا۔ انھوں نے جرف الصّخر علاقے کی آزادی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں داعش دہشتگردوں کو اب شکست و ناکامی کا سامنا ہے اور جرف الصّخر علاقے کی آزادی، دیگر علاقوں کی آزادی کا پیش خیمہ بنی ہے۔ امریکی وزیرخارجہ کے مشیر میک گورک نے بھی عراق میں داعش دہشتگردوں کے خلاف عراقی فوجیوں کی حالیہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی فوجی، اب یقینا دیگر علاقوں میں بھی اس دہشتگرد گروہ کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔امریکہ کے اس عہدیدار نے کہا ہے کہ عراق کے تمام علاقوں سے داعش کا صفایا کرنے میں ابھی کافی وقت لگ سکتا ہے ۔دریں اثنا عراق کے وزیراعظم کے دورۂ اردن میں امّان کے حکام نے کہا ہے کہ ان کا ملک، دہشتگردی کے خلاف مہم میں عراق کی ہر ممکن مدد کرےگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲