اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن ڈی مسٹورا نے پیر کو نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ شام کے بحران کے حل میں اقوام متحدہ کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے شام میں اقوام متحدہ کے نمائندے کے مشن سے ایران کے وسیع تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران، شام کے بحران کے سیاسی حل کے عمل میں تعاون کے لئے تیار ہے۔
حسین امیر عبد اللہیان نے کہا کہ امریکا کے یکطرفہ اقدامات کی وجہ سے اقوام متحدہ کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران، شام اور عراق کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ساتھ ہی ان ممالک کی قومی خود مختاری کا احترام کرتے ہوئے دوسروں کو بھی یہی مشورہ دیتا ہے کہ وہ قومی خود مختاری کا احترام کریں ۔
اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے کہا کہ شام کے بحران کو صرف سیاسی راستوں سے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی حل شام کی زمینی سچائی کو ذہن میں رکھ کر کیا جانا چاہئے۔ اقوام متحدہ کے ایلچی نے کہا کہ شام کے مسئلے میں ایران کا کردار بہت اہم ہے۔
.......
/169