اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب خیبر ون اتوار کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق باڑہ میں وادی تیراہ کے علاقے اکا خیل میں دہشتگردوں کے خلاف تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔ پاکستانی فوج کی کارروائی میں سینتیس دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ اہم کمانڈروں سمیت پچاس شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ اُدھر لوگوں کو علی مسجد اور اورکزئی سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے تیراہ کے قریب اورکزئی میں اندراج مرکز قائم کیا ہے۔ علی مسجد کے راستے 365 سے زائد خاندانوں نے نقل مکانی کی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں سے کہا ہے کہ وہ ہتھیار پھینک دیں اور حکومت کی عملداری تسلیم کریں۔ سیکیورٹی فورسز قبائلی عوام کو ان دہشتگردوں سے نجات دلانا چاہتی ہیں جو قبائلی عوام کی مشکلات میں پہلے ہی کئی گنا اضافہ کر چکے ہیں۔ ادھروفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے باڑہ میں عسکریت پسندی ترک کرنے پر 30 افراد کے گھر تباہ کر دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے والے 50 افراد میں سے 30 کے گھر شدت پسند تنظیم لشکر اسلام کے کارندوں نے تباہ کیے۔
واضح رہے کہ ہتھیار ڈالنے والے تمام جنگجووں کا تعلق لشکر اسلام سے تھا جن میں ایک کمانڈر بھی شامل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲