19 اکتوبر 2014 - 05:54
عراقی پارلیمنٹ میں سنی رکن خالد العبیدی وزیر دفاع مقرر

عراقی پارلیمان نے وزیرِاعظم حیدر العبادی کی جانب سے وزارتِ داخلہ اور وزارت دفاع کے لئے نامزد وزراء کے ناموں کی منظوری دے دی ہے اور سنی رکن خالد العبیدی کو وزیر دفاع منتخب کرلیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی پارلیمان نے وزیرِاعظم حیدر العبادی کی جانب سے وزارتِ داخلہ اور وزارت دفاع کے لئے نامزد وزراء کے ناموں کی منظوری دے دی ہے اور سنی رکن خالد العبیدی کو وزیر دفاع منتخب کرلیا۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق امکان ہے کہ سکیورٹی سے متعلق ملک کے اہم ترین عہدوں پر تقرریوں کے بعد عراقی حکومت داعش کی صورت میں درپیش خطرے سے بہتر طور پر نبٹ سکے گی۔ عراق کے ارکانِ پارلیمان نے ہفتے کو ہونے والے اجلاس میں شمالی شہر موصل سے تعلق رکھنے والے سنی رکنِ پارلیمان خالد العبیدی کی بطور وزیرِ دفاع اور شیعہ جماعتوں کے اتحاد سے تعلق رکھنے والے شیعہ رکنِ پارلیمان محمد الغبان کی وزیرِ داخلہ کی حیثیت سے تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ عراقی پارلیمان نےگزشتہ ماہ نو منتخب وزیرِاعظم العبادی کی جانب سے پیش کی جانے والی کابینہ کے تقرر کی منظوری دیدی تھی لیکن حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کے مابین ان دونوں طاقتور وزارتوں کے حصول پر اندرونی رسہ کشی اور کشیدگی کے باعث ان عہدوں پر تقرر نہیں کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکہ سمیت مغربی ممالک وزیرِاعظم حیدرالعبادی اور عراق کی دیگر مرکزی سیاسی جماعتوں پر دباو ڈالتے رہے ہیں کہ وہ ایک ایسی حکومت تشکیل دیں جن میں عراق کے تمام مذہبی اور لسانی آبادیوں ، خاص طور پر سنیوں کی نمائندگی موجود ہو تاکہ سنیوں میں بڑھتے ہوئے احساسِ محرومی اور شدت پسندی کے رجحانات کو کنٹرول کیا جاسکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲