اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا اوراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت دنیا کے مختلف رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے انہترویں اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف خطے میں قیام امن اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کریں گے، پڑوسی ممالک سے تعلقات میں بہتری، تجارت پر مبنی تعلقات اور پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سمیت مسئلہ کشمیر پر بھی روشنی ڈاليں گے۔ پاکستان کے وزيراعظم نوزارشریف نےاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سےملاقات میں عالمی اور علاقائی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے اپنے نیپالی ہم منصب سوشیل کوئرالہ سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت اور کاروباری رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے عالمی بنک کے صدر جم یانگ کِم سے بھی ملاقات کی۔ عالمی بینک کے صدر نے پاکستان میں پولیو کےبڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر کو دیامر بھاشا ڈیم کانفرنس میں بطور مبصر شمولیت پر رضامند کر لیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون، سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن اور ہالینڈ کے وزیراعظم مارک رٹ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم آج جنرل اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲