24 ستمبر 2014 - 14:56
ہندوستان نے پہلی ہی کوشش میں مریخ کا معرکہ سر کر لیا

ہندوستان کے خلائی جہاز منگل یان نے مریخ پر پہنچ کر اور کامیابی سے اس کے مدار میں داخل ہو کر ہندوستان کو ایسا ملک ہونے کا افتخار بخشا ہے کہ جس نے اپنی پہلی ہی کوشش میں یہ مشن کامیابی سے انجام دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق  ہندوستان کے خلائی جہاز منگل یان نے مریخ پر پہنچ کر اور کامیابی سے اس کے مدار میں داخل ہو کر ہندوستان کو ایسا ملک ہونے کا افتخار بخشا ہے کہ جس نے اپنی پہلی ہی کوشش میں یہ مشن کامیابی سے انجام دیا ہے۔

بدھ کو بنگلور میں واقع سائنس کے مرکز میں سائنسداں اس وقت خوشی سے جھوم اٹھے جب خلائی جہاز مریخ پر پہنچ کر اس کے مدار میں داخل ہو گیا۔

74 ملین ڈالر کی کم لاگت میں مریخ پر خلائی جہاز بھیجنے کے لیے ہندوستان کی کافی تعریف کی جا رہی ہے اور اس سے ہندوستان امریکہ، یورپی یونین اور سابق سوویت یونین جیسے اعلی کلب میں شامل ہو گیا ہے۔

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کامیابی پر سائسندانوں کی تعریف کی اور پورے ملک کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ آج تاریخ رقم ہوئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ جس کم خرچ میں ہم نے یہ کامیابی حاصل کی ہے اس سے زیادہ میں تو ہالی وڈ کی فلم کا بجٹ ہوتا ہے۔

منگل يان تقریباً 300 دنوں کے سفر کے بعد 22 ستمبر کو مریخ کے کشش ثقل کے دائرے میں داخل ہوا تھا۔

منگل يان آئندہ چھ مہینوں کے دوران مریخ کی فضا اور وہاں کے موسم کا مطالعہ کرے گا۔

یہ مریخ پر میتھین گیس کا پتہ لگائے گا اور اس بات کی تحقیق کرے گا کہ کبھی سیارے پر کافی مقدار میں موجود پانی کیسے ختم ہو گیا؟

.......

/169