20 ستمبر 2014 - 19:32
کربلا اور نجف ایران کے لیے ریڈ لائن ہیں دھشتگرد اس کو عبور نہیں کر سکتے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ عراق کے مقدس شہر اور بغداد دنیا کے تمام شیعوں ،تمام مسلمانوں اور ایران کے لئے ریڈ لائن ہیں اور ہم اس ریڈ لائن سے دہشت گردوں کو عبور کرنے اور بغداد، کربلا معلی اور نجف اشرف پر دہشت گردوں کو قبضہ کرنے کی اجازت ہر گزنہیں دیں گے تمام دہشت گرد گروہ امریکی، یزيدی اور معاویائی اسلام کے ماننے والے ہیں ان کا سچے اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکی ٹی وی چینل این بی سی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کے مقدس شہر اور بغداد دنیا کے تمام شیعوں، تمام مسلمانوں اور ایران کے لئے ریڈ لائن ہیں اور ہم اس ریڈ لائن سے دہشت گردوں کو عبور کرنے اور بغداد، کربلا معلی اور نجف اشرف پر دہشت گردوں کو قبضہ کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ وہ دور گزر گیا جب دنیا کی سامراجی حکومتیں دوسری قوموں اور حکومتوں کے لئے فیصلہ کرتی تھیں آج قوموں اور حکومتوں کے احترام کا دور ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ عراق اور شام کی حکومتوں اور عوام کی مرضی کے بغیر وہاں کوئی بھی کارروائي درست نہیں اور نہ ہی ایسی کارروائی دہشت گردوں کے خلاف تصور کی جائے گی ۔ صدر روحانی نے کہا کہ کسی ملک کی حمایت اس ملک کی حکومت کی مرضی کے مطابق ہونی چاہیے۔

صدر روحانی نے کہا کہ دہشت گردی ہر نام اور ہر شکل میں عالمی امن و صلح کے لئے خطرہ ہے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے متضاد پالیسیوں پر عمل نہیں کرنا چاہیے ۔

صدر نے کہا کہ اسلام اور تمام آسمانی ادیان امن و صلح ، دوستی ،برادری اور عدالت کی دعوت دیتے ہیں۔ دنیا میں جو لوگ دوسروں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں یا لوگوں کی جان و مال کے لئے خطرہ بنتے ہیں وہ لوگ اسلام  اور تمام آسمانی ادیان سے بہت دور ہیں۔ صدر حسن روحانی نےداعش دہشت گرد تنظیم کے ہاتھوں امریکی نامہ نگاروں اور برطانوی شہری کے قتل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کون ہے جو بےگناہ افراد کے قتل کو برداشت کرسکتا ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ بےگناہ ہونے میں کوئی فرق نہیں چاہے وہ مسلمان ہو ، عیسائی ہو ، یہودی یا کسی دوسرے دین سے تعلق رکھتا ہو بےگناہ بےگناہ ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلام کسی کی گردن کاٹنے کی اجازت نہیں دیتا اور نہ ہی غیر قانونی اعمال اور رفتارکی اجازت دیتا ہے۔ اسلام  صلح، برادری  اور اخوت کا درس دیتا ہے اور سرکاٹنے والے ، خود کش بمبار ، چھپ کو حملہ کرنے والے سچے اسلام کے پیروکار نہیں بلکہ امریکی ، یزيدی اور معاویائی اسلام کے ماننے والے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲