14 ستمبر 2014 - 14:28
برطانوی باشندے کا سر قلم کئے جانے پر کیمرون کی برہمی

برطانیہ کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اس ویڈیو فلم کے اصلی ہونے کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ برطانیہ کے وزیر اعظم نے دہشتگرد گروہ داعش کے ہاتھوں اغواء ہونے والے برطانوی شہری ڈیوڈ ھینز کا سر قلم کیئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے لندن دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف مقابلے میں اپنی تمام توانائیوں کو بروئے کار لائے گا۔ لندن سے فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ کیمرون کے دفتر سے آج جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کا یہ اقدام نہایت ہی وحشیانہ ہے اور اس دہشتگرد گروہ کو برطانیہ کے سخت ردّعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ برطانیہ کے وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ برطانیہ ان بے رحم قاتلوں کو سزا دینے کے لئے، اپنی پوری طاقت استعمال کرے گا۔ اس برطانوی شہری کے دہشتگرد گروہ داعش کے عناصر کے ہاتھوں سر قلم کیئے جانے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد، برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لئےآج اپنی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اس دوران برطانیہ کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اس ویڈیو فلم کے اصلی ہونے کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔  واضح رہے کہ دہشتگرد گروہ داعش نے حالیہ ہفتوں کے دوران شام میں اغواء کیئے جانے والے دو امریکی صحافیوں کے بھی سر قلم کیئے جانے کی ویڈیو فلم جاری کی تھی۔ بعض تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ ایسے میں جبکہ امریکہ اور برطانیہ،  شام اور عراق میں دہشتگرد تکفیری گروہوں کے اصلی حامیوں کے عنوان سے پہچھانے جاتے ہیں، حالیہ مہینوں میں دہشتگرد گروہوں کے ہاتھوں ان ملکوں کے باشندوں کے سرقلم کیئے جانے کے بعد، دہشتگردوں کے بارے میں اپنی ماضی پالیسیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے ان گروہوں کے خلاف مقابلے پر اتر آئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲