13 ستمبر 2014 - 18:45
عراقی حکومت داعش کی بیخ کنی کے لیے فوری اقدام کرے، عمار حکیم

عراق کی مجلس اعلی اسلامی کے سربراہ نے عراق میں دہشتگرد تکفیری گروہوں کے خطرناک اہداف کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق سید عمّار حکیم نے آج بغداد میں عراق کے پناہ گزینوں کے حوالے سے منعقدہ قومی اجلاس میں کہا کہ دہشتگرد، عراق کے عوام کو بےگھر کر کے مذہبی، دینی اور قبائلی شناخت کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور اس صورت حال میں عوام کو چاہیے کہ وہ متحد ہوکر دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کریں۔
عراق کی مجلس اعلی اسلامی کے سربراہ نے مختلف علاقوں میں پناہ گزینوں کے عارضی کیمپوں کو مستقل کئے جانے کے عمل کو نہایت ہی خطرناک قرار دیا اور کہا کہ عراق کے عوام کو بےگھر کرنے کے حوالے سے دہشت گردوں کے جرائم کی اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے تحقیقات کی جانی چاہیے۔
عمّار حکیم نے کہا کہ پناہ گزینوں کے مسئلہ کے حل کے لئے ضروری ہے کہ اس موضوع کو سیاسی نظر سے نہ دیکھا جائے، بلکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عراق کے شہر میں سکیورٹی کی بحالی کو یقینی بنائے اور دہشتگرد تکفیری گروہ داعش کی بیخ کنی کے لئے اقدام کرے۔

.......

/169