11 ستمبر 2014 - 11:56
ایران اور تاجکستان کے تعلقات میں فروغ پر تاکید

ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور تاجکستان تمام میدانوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں پابند عہد ہيں ۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور تاجکستان تمام میدانوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں پابند عہد ہيں ۔
یہ بات ڈاکٹر حسن روحانی نے تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبہ میں اس ملک کے صدر امام علی رحمانف کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ تہران اور دشنبہ کی حکومتیں باہمی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
صدر روحانی نے تاجکستان کے یوم آزادی پر اس ملک کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے تاجکستان کی آزادی و خود مختاری کو تسلیم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل وسیع ہوتے رہے ہیں ۔
اس مشترکہ پریس کانفرنس میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمانف نے کہا کہ ان کا ملک بھی ایران کے ساتھ ہر شعبے میں تعلقات کی توسیع کا خواہاں ہے۔انہوں نے ایرانی ماہرین کے ہاتھوں اپنے ملک میں بجلی گھر لگائے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے بڑھتے تعلقات دونوں قوموں کے روشن مستقبل کا سبب بنیں گے۔
واضح رہے کہ بدھ کو ایران اور تاجکستان کے صدور نے دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے لئے 10 مفاہمتی نوٹ اور ایک مشترکہ بیان پر دستخط کئے۔

.......

/169