10 ستمبر 2014 - 13:45
داعش سے مقابلے کے لیے اوبامہ نے العبادی کو کی تاکید

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اوباما نے عراق کے نئے وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں، داعش کے عناصر سے مقابلے کے لئے، بغداد کی نئی حکومت کو مدد پہنچانے کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  روئٹرز کے حوالےسے ارنا کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گيا ہے کہ امریکی صدر بارک اوباما اور عراق کے نئے وزیر اعظم حیدر العبادی نے عراق ميں استحکام پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے بغداد کی نئی حکومت کے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی عراق کے لئے سنگ میل کی حیثیت سے بغداد ميں نئی حکومت کی تشکیل کو سراہاہے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز عراقی پارلیمنٹ نے ، وزیراعظم کی حیثيت سے حیدر العبادی کی سربراہی میں اس ملک میں نئی حکومت کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے۔ ان کی کابینہ میں عراق کی شیعہ اکثریت اور اسی طرح کرد اور سنی اقلیتوں کے بھی اراکین شامل ہیں ۔ سابق وزیرِاعظم نوری المالکی کے استعفے کے بعد حیدرالعبادی کو حکومت بنانے کی دعوت دی گئی تھی۔ پارلیمنٹ کے 328 میں سے 177 ارکان نے نئی متحدہ حکومت کے حق میں ووٹ دیا۔ کابینہ میں سابق وزیرِ اعظم ابراہیم جعفری کو وزیرِ خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔ سابق وزیرِاعظم نوری المالکی، ایاد علاوی اور سابق پارلیمانی اسپیکر اُسامہ النجیفی کو نائب صدور کے رسمی عہدے دیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ایک ہفتے کے اندر اندر وزیرِدفاع اور وزیرِ داخلہ مقرر کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲