اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ریڈیو تہران کی رپورٹ کے مطابق علامہ امین شہیدی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو بھی قبائیلی علاقے شمالی وزیرستان کی مانند دہشتگردوں کے وجود سے پاک کرے تاکہ اس شہر کے عوام بھی سکھ کا سانس لے سکیں اور امن و سکون کے ساتھ زندگي بسر کریں۔ مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے جعفریہ الائنس کے چیئرمین اور معروف شیعہ رہنما سینیٹر علامہ عباس کمیلی کے بیٹے علامہ علی اکبر کمیلی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی شہر میں امن و استحکام اور سیکیورٹی کی برقراری کے لئے اپنی قومی ذمہ داری پر عمل کرے۔ علامہ امین شہیدی نے مزید کہا کہ صوبے سندھ کے مرکز کراچی میں دینی مدارس، دہشتگردوں کی خفیہ پناہ گاہوں میں تبدیل ہوچکے ہیں اور ان دہشتگردوں نے کراچی کے امن کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ دہشتگرد گروہ طالبان کی بعض خفیہ پناہ گاہیں کراچی میں ہیں اور طالبان کے عناصر شہر کراچی میں آزادانہ طور پر اپنی کارروائیاں انجام دیتے ہیں اور کوئی ان کو پکڑنے والا نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲