17 اگست 2014 - 16:38
علامہ ساجد نقوی: اسوقت اصلاحات اور انقلاب ضروری ہیں، سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے

ایس یو سی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر مذکورہ بالا تجاویز سے ہٹ کر کوئی راستہ اختیار کیا گیا تو جو ریت (رسم) پڑچکی ہے وہ مستقل طور پر ریاست کے گلے پڑجائے گی اور اس سے آنیوالے وقتوں میں چھٹکارا ناممکن ہوگا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ روز اول سے مطالبہ رہا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، اگر عمل درآمد کیا جاتا تو آج اس طرح کی صورت حال درپیش نہ ہوتی، تمام ذمہ داران کو چاہیے کہ اب جو حقائق اصلاحات اور انقلاب کے حوالے سے پیش کئے جا رہے ہیں اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے، آئین و قانون کے تحت مفاہمت کی راہ اختیار کی جائے، اگر توجہ نہ دی گئی تو ملک میں ایسی رسم چل پڑے گی جن سے آنے والے وقتوں میں چھٹکارا مشکل ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہمارا روز اول سے مطالبہ رہا ہے کہ ملک کی تقدیر اسی طریقے سے صحیح معنوں میں تبدیل کی جاسکتی ہے کہ آئین و قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ آج جو صورت حال درپیش ہے اس کی بنیادی وجہ بھی آئین و قانون سے روگردانی ہے۔

انہوں نے موجودہ صورتحال میں اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اصلاحات اور انقلاب ضروری ہیں، اس سلسلے میں جو حقائق پیش کئے جا رہے ہیں سنجیدگی سے ان کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے لیکن مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے ہی بالاخر مسئلہ کا حل نکالا جاسکتا ہے جو آئین اور قانون کی روشنی میں ہو اور وہ ضروری تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں، جس سے نظام میں ہر قسم کے بگاڑ کا خاتمہ کرکے اصلاح ہوسکتی ہے جو انقلاب کا مظہر بن سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال میں اگر مذکورہ بالا تجاویز سے ہٹ کر کوئی راستہ اختیار کیا گیا تو جو ریت (رسم) پڑچکی ہے وہ مستقل طور پر ریاست کے گلے پڑجائے گی اور اس سے آنے والے وقتوں میں چھٹکارا ناممکن ہوگا، اس ساری صورت حال کا بہتر اور اچھا اختتام ضروری ہے، تاکہ ملک کو آئندہ اس قسم کی صورت حال اور ریتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اس لئے ضروری ہے کہ تمام ذمہ داران سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور آئین و قانون کے مطابق مفاہمت کا راستہ اختیار کریں۔

.......

/169