اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق داعش کے اس کمانڈر نے سی این این سے ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ اسے ان تمام واقعات کے بارے میں پتہ ہے جو اب تک بلدہ علاقے کے سلسلے میں میڈیا میں نہیں آئے ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ داعش کے جنگجوؤں نے تقریبا ایک ہفتہ قبل بلدہ شہر پر قبضے کے دوران بہت سے لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھی بہت سے بچوں اور خواتین کو اپنے ساتھ لے گئے اور میں یہ پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ عورتوں اور بچوں کو موصل پہنچا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ داعش کے دہشت گردوں کی طرف سے اقلیت آبادی والے علاقوں پر حملے کے بعد دسیوں ہزار افراد وہاں سے دیگر علاقوں کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ داعش کے خوف سے ہزاروں ايزدی برادری کے لوگ پہاڑوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں جبکہ ان پہاڑوں کے نیچے داعش کے جنگجو محاذ بنائے بیٹھے ہیں۔ داعش کے دہشت گردوں نے ايزدی برادری کو یہ دھمکی دی ہے کہ یا تو وہ اسلام قبول کریں یا علاقے کو چھوڑ کر چلے جائیں ورنہ ان کی گردن مار دی جائے گی۔
در ایں اثنا امریکا کے 130 دیگر فوجی مشیر شمالی عراق پہنچ گئے ہیں۔ یہ فوجی مشیر بدھ کی رات عراق پہنچے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق بھیجے گئے فوجی مشیروں کا تعلق امریکا کے سینٹرل کمانڈ ریجن سے ہے اور یہ فوجی، جنگ میں براہ راست طور پر حصہ نہیں لیں گے۔
.......
/169