12 اگست 2014 - 04:26
انقلاب کی باتیں کرنے والوں کا ایجنڈا جمہوریت کش ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ انقلاب کی باتیں کرنے والوں کا ایجنڈا جمہوریت کش اور عوام دشمن ہے، عوام نے ہمیں معیشت اور امن وامان کی بحالی کا مینڈیٹ دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ انقلاب کی باتیں کرنے والوں کا ایجنڈا جمہوریت کش اور عوام دشمن ہے، عوام نے ہمیں معیشت اور امن وامان کی بحالی کا مینڈیٹ دیا ہے۔ رائیونڈ جاتی عمرہ میں نون لیگ کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن میں ان کی فتح تسلیم کی اورمبارکباد بھی دی تھی۔ اجلاس کےبعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات پرویزرشید کا میڈیا بریفنگ میں کہناتھاکہ پی ٹی آئی نے الیکشن میں شکست پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی تھی جس کی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان شرماتے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ مخالفین کی گردنیں اتارنے کےلیے جوجنونی شخص سڑک پر نکلے گا اسے روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت کوہرقدم قانون کے مطابق اٹھانا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھاکہ 2013کا الیکشن ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ مانیٹر کیا گیا، چند پولنگ اسٹیشنوں کے واقعات سے پورے الیکشن پر سوالیہ نشان نہیں لگایا جاسکتا۔ احسن اقبال کا کہناتھاکہ عمران خان نےبنی گالہ سےایس ایم ایس کے ذریعے خیبرپختونخوا حکومت چلائی، اب انہوں نے تحریک انصاف کو طاہرالقادری کی جماعت میں ضم کر دیا ہے۔وفاقی وزراء کا کہناتھاکہ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے ہیں کہ کوئی بڑا سانحہ یا حادثہ نہ ہو، نان اسٹیٹ ایکٹرز کی حکمت عملیاں دھری رہ جائیں گی۔

.......

/169