5 اگست 2014 - 10:08
سید عارف حسینی امریکہ اور اسرائیلی مفادات کے لیے خوف کی علامت تھے

قائد ملت اسلامیہ پاکستان شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی اتحاد بین المسلمین کے داعی اور امریکہ و اسرائیلی مفادات کے لئے ایک خوف کی علامت تھے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ قائد ملت اسلامیہ پاکستان شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی اتحاد بین المسلمین کے داعی اور امریکہ و اسرائیلی مفادات کے لئے ایک خوف کی علامت تھے، انہوں نے کبھی بھی ظالم قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا، ہمیشہ باطل قوتوں کے خلاف میدان عمل میں اپنا وظیفہ شرعی سرانجام دیتے رہے، وقت کے ظالم و جابر حکمرانوں اور عالمی استکباروں کو بے نقاب کرنے میں اُن کا کلیدی کردار تھا، آج بھی پیروان شہید عارف پاک سرزمین پر وحدت، اخوت اور اتحاد امت کا پرچم تھامے مادر وطن کی سربلندی کے لئے باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیر اہتمام شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی 26 ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ مراسم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے محبوب قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ قابل ذکر ہے علامہ شہید عارف حسینی کو عالمی سامراج ایجنٹوں نے انیس سو اٹھاسی میں نماز صبح کے بعد ان کے مدرسے میں شہید کردیا تھا۔  دوسری جانب علامہ ناصر عباس جعفری نے یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت پر منعقدہ مجلس عزا میں اپنے خطاب میں کہا کہ عالم اسلام اگر جنت البقیع کے سانحے کو بے نقاب کرتا تو آج انہی قوتوں کے پالے داعش دہشت گردوں کو یہ ہمت نہ ہوتی کہ وہ انبیاء کرام اور اصحاب رسولۖ کے مزارات کی توہین کرتے، آج مسلمانوں کی تمام تر مشکلات کے ذمہ دار آل سعود ہیں، جو اقتدار کی ہوس میں امریکی و اسرائیلی گماشتوں کے غلام بنے بیٹھے ہیں، آج غزہ میں کربلا بپا ہے، معصوم بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین صہیونی بربریت کا نشانہ بن رہے ہیں، لیکن ان عرب حکمرانوں نے صہیونیت کی خوشنودی کیلئے خاموشی اختیار کرکے ثابت کر دیا کہ اُن کا اصل آقا امریکہ و اسرائیل ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲