اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ ، عمران خان سے گفتگو میں انہیں 14 اگست کے آزادی مارچ کے فیصلے کو واپس لینے پر راضی کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ نے تین چار روز قبل بھی عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اور انہیں عید کی مبارکباد دی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان تحریک انصاف کی لیڈر شپ سے حکومتی رابطوں کی تردید کی تھی۔ عمران خان سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے چودہ اگست کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے بات چیت کی تھی ۔ پاکستان کی وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے عمران خان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی تھی اور انہیں ایک ملاقات کی دعوت دی تھی، تاکہ ان کے مطالبات کو سنا جا سکے۔ تاہم پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے چوہدری نثار علی خان کے ساتھ ملاقات سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا آزادی مارچ حتمی ہے اور اسے کسی صورت میں منسوخ نہیں کیا جائے گا۔ عمران خان کی جانب سے انکار کے بعد پاکستان کے وزیر داخلہ نے یکساں خیالات رکھنے والے دیگر سیاست دانوں سے رابطہ کیا، تاکہ عمران خان سے ملاقات کی کوئی راہ پیدا ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲