اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام علاقے جموں میں قائم بی ایس ایف کے ایک ہیڈکوارٹر میں اُس وقت افراتفری پھیل گئی جب حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف انسپکٹر ہلاک اور سب انسپکٹر شدید زخمی ہو گيا۔ اس دوران ریاسی کے کٹرہ قصبہ میں دل کا دورہ پڑنے سے سی آر پی ایف کا اہلکار لقمہ اجل بن گیا۔ دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں کے آر ایس پورہ علاقے میں 94 بٹالین بی ایس ایف کے ہیڈکوارٹرز میں جمعہ کی صبح اُس وقت سراسیمگی اور افراتفری پھیل گئی جب ہیڈکوارٹرز کے اندر اچانک گولیوں کی آوازیں سنائی دیں۔ دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کیمپ میں حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف انسپکٹر ہلاک اور ایک سب انسپکٹر زخمی ہوا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جموں کے مضافات میں واقع میران صاحب میں بی ایس ایف ہیڈکوارٹرز میں جمعہ کی صبح 9 بجے حادثاتی فائرنگ سے ریتی رام نامی بی ایس ایف انسپکٹر ہلاک جبکہ اس واقعہ میں سب انسپکٹر رام جی ٹھاکر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سب انسپکٹر کو میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کردیا گیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف اہلکاروں کے درمیان کسی بات کو لیکر نوک جھونک ہوئی تھی جس دوران فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ ادھر بی ایس ایف حکام نے واقعہ کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ بی ایس ایف کے حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعہ کے حوالے سے تحقیقاتی عمل جاری ہے اوراس معاملے پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا.
.......
/169