28 جولائی 2014 - 13:22
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل کا شیخ ابراہیم زکزاکی کو تعزیتی پیغام

نائجیریا کے شہر زاریا میں یوم القدس کے موقع پر رونما ہوئے خونی واقعات کے نتیجے میں ۳۳ شیعوں کی شہادت کے سلسلے میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نائجیریا کے شہر زاریا میں یوم القدس کے موقع پر رونما ہوئے خونی واقعات کے نتیجے میں ۳۳ شیعوں کی شہادت جن میں اس ملک کے شیعہ رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی کے تین بیٹے بھی شامل تھے کے سلسلے میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری کی جانب سے اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کی جنرل کونسل کے رکن شیخ ابراہیم زکزاکی کو بھیجے گئے تعزیتی پیغام کا مکمل ترجمہ:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
وَلا تَحسَبَنَّ الَّذينَ قُتِلوا في سَبيلِ اللَّهِ أَمواتًا بَل أَحياءٌ عِندَ رَبِّهِم يُرزَقونَ. (آل عمران ـ ۱۶۹﴾
حضرت علامہ مجاہد شيخ ابراهيم زكزاکی «حفظه الله و رعاه»
السلام عليكم و رحمة الله و بركاته
انتہائی غم و اندوہ کے ساتھ آپ کے جوان بیٹوں اور دیگر مومنین کی شہادت کی خبر موصول ہوئی۔
ان شہیدوں نے اپنا خون کلمۃ اللہ کی سر بلندی اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کی راہ میں ہدیہ پیش کیا ہے اور وہ بھی ایسے حال میں کہ رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی(رہ) اور حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای کی صدا پر لبیک کہتے ہوئے پرامن مظاہرہ کر رہے تھے کہ کچھ تشدد پسند اور جرائم پیشہ افراد نے انہیں شہید کر دیا۔
ہم اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے اس عظیم غم کے موقع پر آقا و مولا صاحب العصر و الزمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، نیز آپ، نائجیریا کے لوگوں اور ان شہداء کے بازماندگان کی خدمت میں تسلیت عرض کرتے ہیں۔
نیز اس دھشتگردانہ کاروائی اور مومن و مجاہد جوانوں کو بے دردی قتل کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور نائجیریا کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کے عاملین کو جلد از جلد ان کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ اللہ کی خوشنودی کے ساتھ ساتھ شہداء کے لواحقین کو بھی کسی حد تک تسلی ہو۔
بیشک شہادت کا خوبصورت لباس ان جوانوں کے جسموں پر مبارک ہو گا اور دھشتگرد گروہوں کی پیشانیوں پر ہمیشہ کے لیے ذلت اور رسوائی کی گرد جمی رہے گی۔
خداوند قدیر کی بارگاہ میں دعا کرتے ہیں کہ خدا آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زاریا کے یوم القدس کے شہداء کو جنت الفردوس میں مقام عنایت فرمائے اور انہیں رسول خدا(ص) اور اہل بیت اطہار(ع) کے ساتھ محشور کرے۔
                                                      و انا لله و انا اليه راجعون
                                                           محمدحسن اختری
                                                         26/7/2014

واضح رہے کہ عالمی یوم القدس کے موقع ہر نائجیریا کے شہر زاریا میں قدس ریلی کے دوران مسلح افراد نے حملہ کر کے ۳۳ شیعوں کو شہید کر دیا جن میں اس ملک کے مذہبی رہنما اور اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل کونسل کے رکن شیخ ابراہیم زکزاکی کے تین بیٹے بھی شامل تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲