اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزيرخارجہ محمد جواد ظریف نے غزہ پٹی پر صیہونی فوج کے حملے رکوانے اور فلسطینیوں کی مدد کے لئے بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں اور مختلف ممالک کے وزرائےخارجہ سے صلاح و مشورہ کیا ہے۔
جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون سے فون پر گفتگو میں کہا کہ جنگ کے ہر منصوبے میں غزہ کے عوام کے مطالبات بالخصوص ان کا محاصرہ ختم کئے جانے کو مد نظر رکھا جائے۔
ایران کے وزيرخارجہ نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کمیشن کی سربراہ کیتھرین اشٹن سے ٹیلی فونک رابطے میں غزہ کے حالات اور صیہونی حکومت کےجرائم کاسلسلہ بند کئے جانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
محمد جواد ظریف نے او آئی سی کے سکریٹری جنرل ایاد مدنی کو فون کرکے غزہ کے عوام کی حمایت و مدد کے لئے اسلامی تعاون تنظیم کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا مطالبہ کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزيرخارجہ جواد ظریف نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ٹیلی فونک رابطے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی عوام کی مزاحمت کی حمایت کرتا ہے اور فلسطینیوں کے مطالبات کے حصول کےلئے عالم اسلام کی بیداری ضروری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد کے لئے مصر، عمان ، ترکی ، قطر اور کویت کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطہ کیا۔جواد ظریف نے اپنے اس ٹیلی فونک رابطے میں غزہ کی صورت حال، صیہونی حکومت کے حملے رکوائے جانے اور فلسطینیوں کے لئے امداد رسانی کاجائزہ لیا۔
واضح رہے کہ غزہ پٹی اورغرب اردن کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملے اب بھی جاری ہیں اور اب تک کم سے کم ایک ہزار اسی فلسطینی شہید اور چھ ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲