19 جولائی 2014 - 11:12
فلسطینی عوام پر مظالم اور ہندوستان کی خاموشی، اعلی اقدار کے منافی: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر موجودہ حکومت کی خاموشی اور بے حسی ہندوستان کی اعلیٰ اقدار کے منافی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہندوستان کی سیاسی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر موجودہ حکومت کی خاموشی اور بے حسی ہندوستان کی اعلیٰ اقدار کے منافی ہے۔ لوک سبھا میں جمعہ کے روز کارروائی کے آغاز میں ہی محبوبہ مفتی نے یہ ایک بار پھر یہ معاملہ اٹھایا اور حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو بندکروانے کے لئے اپنے اثر رسوخ کا استعمال کرے جس میں ابھی تک 250سے زائد معصوم جانیں تلف ہو چکی ہیں جب کہ اسرائیل کی طرف سے کئے جانے والے زمینی حملہ سے مزید تباہی کا اندیشہ پید ا ہو گیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرکز میں بر سر اقتدار این ڈی اے حکومت نے واضح اکثریت میں ہونے کے باوجودگاندھی کے ہندوستان کو ایک خاموش اور بے بس تماشائی میں بدل دیا ہے حالانکہ ہندوستان نے ہمیشہ فلسطین کے معاملہ میں مثبت موقف اپنا یا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عالمی طاقت بننے کا دعویٰ، مختلف النواع کی صلاحیتوں، طاقتوں، نیوکلیائی ہتھیاروں کے ذخائر اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے باوجود بے معنی ہے کیوں کہ یہ حکومت بے گناہ افراد کے خلاف کی جانے والی ننگی جارحیت کو روکنے میں بے بس ہے۔ محبوبہ، جو پارلیمنٹ میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی علاقے کی نمائندگی کرتی ہیں، نے کہا کہ گاندھی جی نے عدم تشدد کو فروغ دیتے ہوئے بھی ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک اہم مقام دلایا تھا لیکن موجودہ حکومت نے ایک ایسے خطہ ،جس کے ساتھ ہمارے تاریخی روابط رہے ہیں، میں پیدا شدہ انسانی بحران پر کچھ کہنے سے انکار کر کے ملک کی اعلیٰ اقدار کو پامال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملہ میں ڈرپوک بنی ہوئی ہے اور کھل کر سامنے نہ آکر ہندوستان کی اصل روح کو قتل کر رہی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز