ابنا: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر بھر میں مکمل ہڑتال کے دوران سرینگر شہر، اننت ناگ ، پانپور اور ہندوارہ میں اسرائیل مخالف احتجاجی جلوس بر آمد ہوئے جبکہ شہر سرینگر،بارہمولہ ، اننت ناگ ، بانڈی پورہ ، پلہالن ،شالہ ٹینگ اورراجپورہ پلوامہ میں مشتعل نوجوانوں اور پولیس و فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں ،جس کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے کچھ مقامات پرآنسوگیس شیلنگ کے علاوہ پیلٹ گن کا استعمال بھی کیا۔ پلہالن اوربانڈی پورہ کے 3 نوجوانوں کوزخمی حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا جبکہ پتھراو کے دوران مختلف مقامات پر5پولیس اہلکاروں سمیت ایک درجن سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی مسلسل بمباری اور زمینی فوج کی آمد کے نتیجے میں پائی جانے والی سنگین صورتحال اور 200سے زیادہ فلسطینیوں کی ہلاکت کے خلاف وادی میں احتجاجی مظاہروں اور جلسے جلوسوں کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا ۔جنوبی قصبہ اننت ناگ میں نماز ظہر کے بعد میر وادی جنوبی کشمیر قاضی یاسرکی قیادت میں ایک احتجاجی جلوس لالچوک اننت ناگ سے بر آمد ہوا۔ جلوس میں شامل لوگ اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ جلوس میں شامل دکانداروں اور دیگر لوگوں نے ہاتھوں میں اسرائیل مخالف بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ لوگ فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرنے کیلئے مذہبی نعرے بلند کر رہے تھے ۔اس دوران پانپور میں بھی اسرائیل کے خلاف نماز ظہرکے بعد ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں شامل لوگ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے تھے ۔ادھر سرینگر میں حریت (گ) سے وابستہ خاتون لیڈر زمرودہ حبیب نے جمعرات کو دن کے تقریبا12بجے آبی گزر علاقہ سے ایک اسرائیل مخالف جلوس نکالنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے مداخلت کر کے جلوس کو ناکام بنادیا اور تحریک خواتین کشمیر کی سربراہ زمرودہ حبیب کو کئی ساتھی کارکنان سمیت حراست میں لیا ۔دریں اثناء وادی میں ہڑتال کے بیچ نصف درجن سے زیادہ مقامات پر المناک حادثے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی جلوس بر آمد ہونے کے بعد پتھراو کے واقعات پیش آئے اور کچھ مقامات پر پولیس و فورسز نے مشتعل نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھیوں کے علاوہ آنسو گیس کے گولے اور پیلٹ گن کا استعمال بھی کیا ۔ ادھر بانڈی پورہ قصبہ میں مین چوک اور گلشن چوک میں مشتعل نوجوانوں کی طرف سے زبردست پتھراو کے نتیجے میں پورے قصبہ میں سخت کشیدگی پھیل گئی جبکہ پولیس اور فورسز اہلکاروں نے مشتعل نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ کی،جس کے دوران چارنوجوان زخمی ہوگئے۔
.....
/169