ابنا: وزارت خارجہ کے پریس نوٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے عراق کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکروں کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کا انتخاب، سیاسی نظام کی تکمیل میں ایک اہم قدم ہے اور اس کے دورس اثرات مرتب ہوں گے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے عراق کی پارلیمنٹ کے اجلاس کی تشکیل اور اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکروں کے انتخاب کو عراق کے سیاسی نظام کے مخالفین اور دہشتگردوں کے لئے واضح پیغام کا حامل قراردیا اور کہا کہ عراق کے عوام کے منتخب نمائندوں نے اپنے اس اقدام سے ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی حالات میں اپنے ملک کے قومی مفادات کی حمایت اور اس کے تحفظ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ عراق کی پارلیمنٹ کے ارکان نے گذشتہ روز اہل سنّت الائنس سے تعلق رکھنے والے عراقی پارلیمنٹ کے رکن سلیم الجبوری کو آئندہ چار برسوں کے لئے ملک کی قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب کرلیا ہے۔
.......
/169