اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے قبائلی علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران پاکستان کی فوج کے جیٹ طیاروں نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ پاکستانی فضائیہ کے ان حملوں میں گیارہ دہشتگرد ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے علاقے درہ سیدگی میں طالبان دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جیٹ طیاروں کی بمباری سے دہشت گردوں کے 3 ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے جب کہ میران شاہ میں گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ ماہ شروع کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 400 سے زائد دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے 70 سے زائد ٹھکانے اور بارودی مواد بنانے والی فیکٹریاں تباہ کی جا چکی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲