9 جولائی 2014 - 11:05
رہبر معظم کی حمایت نہ ہوتی تو مذاکرات میں کامیابی ممکن نہ تھی: وزیر خارجہ ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزيرخارجہ نے کہا ہے کہ ایٹمی مذاکرات کارٹیم ایران کے عوام کے حقوق میں خرد برد نہيں ہونے دےگی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ویانا میں نامہ نگاروں کو انٹرویو دیتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر رہبرمعظم انقلاب کی حمایت نہ ہوتی تو ایٹمی مذاکرات میں کوئي کامیابی ممکن نہيں تھی۔
ڈاکٹرظریف نے کہا کہ ہمیں ایسا راہ حل پیدا کرنا پڑے گا کہ جس سے جدید ترین ٹیکنالوجی بھی حاصل ہو اور اقتصادی لحاظ سے ایرانی عوام پرعائد پابندیاں بھی ختم ہوجائیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم یہ ثابت کرنے کے لئے تیار ہیں کہ ہمارا ایٹمی پروگرام پوری طرح پرامن ہے اس لئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی نظر میں جیسا کہ بارہا اعلی ترین سطح پر بھی کہاجاچکا ہے، ایران نہ تو ایٹمی ہتھیار کو سیکورٹی کی فراہمی کا وسیلہ سمجھتا ہے اور نہ ہی ایٹمی ہتھیار کو سیکورٹی کا ضامن سمجھتا ہے اور نہ ہی اس کے استعمال کو قانونی سمجھتا ہے۔
ڈاکٹرظریف نے کہا کہ درحقیقت پوری دنیا، ایٹمی ہتھیار سے پاک دنیا کی جانب آگے بڑھ رہی ہے اور ہم بھی ہمیشہ اسی راستے پر پیشقدم ہيں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزيرخارجہ نے مذاکرات کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کے عوام، دباؤ کے سامنے کبھی بھی پیچھے نہيں ہٹے ہيں، ایرانی عوام سے گفتگو کے لئے بہترین راستہ عزت واحترام اور ایک دوسرے کو سمجھنا ہے، اگر اس نتیجے پر پہنچ جائيں تو ہمیں امید ہے کہ یہ کام انھیں چند دنوں میں ہو جائےگا اور راہ حل تک پہنچنا ممکن ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲