28 جون 2014 - 10:44
ماہ رمضان کو ماہ صلح ورحمت قرار دیا جائے ۔ ڈاکٹر روحانی

اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے ایک پیغام میں مسلم ملکوں کے سربراہوں کو ، ماہ رمضان المبارک کو "ماہ صلح و رحمت" سے موسوم کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔

ابنا: صدر کی ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی ملکوں کے سربراہوں کو ماہ رمضان کی آمد کی مناسبت سے علیحدہ علیحدہ مبارکباد کے پیغام میں ، ماہ مبارک رمضان کو " رمضان صلح و رحمت سے موسوم کرنے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی قائم کرنے کے لئے بھرپور کوششیں بروئے کار لانے کی اپیل کی ہے ۔ ڈاکٹر روحانی کے پیغام مبارکباد میں کہا گيا ہے کہ اس سال مسلمان ایسے عالم ميں ماہ رمضان کا استقبال کررہے ہيں کہ تشدد اور انتہا پسندی عالم اسلام کے چپے چپے ميں شعلہ ور ہوچکی ہے اور جہل و تعصب نے ، مسلمانوں کے درمیان مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کی بیج بونے کے مقصد سے، دشمنان اسلام کے دیرینہ نقشے کے عملی ہونے کے لئے راہ ہموار کردی ہے ۔ اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے مسلم ملکوں کے سربراہوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ عالم اسلام ایک بار پھر تشدد اور انتہاپسندی کے مقابلے میں ڈٹ جائے اور دنیا میں امن ، عفو و درگذر اور رحمت کا پرچم بلند کرے ۔ ڈاکٹر روحانی نے اس پیغام میں ماہ مبارک رمضان کے پر برکت ایام میں مسلم امۃ کی سربلندی اور کامیابی و کامرانی کی دعا کرتے ہوئے مسلم ملکوں کے سربراہان مملکت سے درخواست کی ہے کہ وہ مذہبی اور سیاسی شخصیات کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی تمام تر معنوی اور سیاسی توانائیوں کو بروئے کار لائيں تاکہ "رمضان امن و رحمت" میں " وحدت اسلامی" کے فروغ میں مدد حاصل ہو۔

.......

/169