24 جون 2014 - 14:27
فلسطین کے خلاف اسرائیل کی ظالمانہ کاروائیاں ناقابل برداشت ہیں: یمنی صدر

یمن کے صدر نے فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیل کے تازہ کریک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ اور ظالمانہ کارروائیاں قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیل کے تازہ کریک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ اور ظالمانہ کارروائیاں قرار دیا ہے۔ انہوں نے فلسطینی دھڑوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے تمام حقوق کے حصول کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔

رپورٹ کے مطابق یمنی صدر نے یہ بات اسلامی تحریک مقاومت "حماس" کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج گردی بدترین دہشت گردی ہے اسے کسی صورت میں قبول نہیں کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن سنہ 1967 ء کی حدود میں آزاد اور مکمل خود مختار فلسطینی ریاست کا حامی ہے اور اس کا مطالبہ کرتا رہے گا، کیونکہ عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق ان علاقوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کا قیام فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے۔

صدر عبد ربہ منصور ھادی نے خالد مشعل پر زور دیا کہ وہ قومی مفاہمت کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں اور تمام فلسطینی دھڑوں کو قومی حقوق کے حصول کے لیے متحد کریں۔

ٹیلیفونک بات چیت میں خالد مشعل نے فلسطین کی موجودہ صورت حال بالخصوص غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے تازہ سرچ آپریشن کے بارے میں یمنی صدر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تین یہودی آباد کاروں کی گم شدگی کے بعد اسرائیل نے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق خالد مشعل نے کہا کہ تین یہودیوں کی تلاش کی آڑ میں اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف بین الاقوامی قوانین اور عالمی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲