22 جون 2014 - 14:13
صدر مملکت: آج ہر زمانے سے زیادہ صلح حسنی کا پرچم لہرانے کی ضرورت ہے

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا: آج ہمیں ہر دور زیادہ امام حسن علیہ السلام کی سیرت پر چلتے ہوئے دنیائے اسلام میں امن و شانتی قائم کرنے کے لیے صلح حسنی کی ضرورت ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے تہران میں منعقدہ سبط النبی (ع) عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا: امام حسن علیہ السلام نے پیغمبر اکرم (ع) کی سیرت پر چلتے ہوئے اور صلح حدیبیہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس راستے کا انتخاب کیا جس میں مسلمانوں کا خون بہنے سے بچ گیا اور دنیائے اسلام میں اتحاد اور ہمدلی کی فضا قائم ہوئی۔
صدر محترم نے صلح امام حسن (ع) کے مقصد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: صلح کا مقصد ممکن ہے بعض لوگوں کی سمجھ میں نہ آتا ہو۔ یہ اس امام نے صلح کی جو پردے کے پیچھے بخوبی دیکھ سکتا ہے لیکن جو لوگ پردے کے سامنے بھی ٹھیک سے نہ دیکھ سکتے ہوں وہ صلح حسنی کو کیا سمجھیں گے۔
انہوں نے کہا: ہمیں ائمہ ہدیٰ کی سیرت سے عقلانیت، تدبیر، میانہ روی اور اعتدال کا درس سیکھنا چاہیے ہمارے ائمہ نے تاریخ کے مختلف ادوار میں ان سب چیزوں کا درس دیا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا: آج ہمیں ہر دور زیادہ امام حسن علیہ السلام کی سیرت پر چلتے ہوئے دنیائے اسلام میں امن و شانتی قائم کرنے کے لیے صلح حسنی کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے دنیائے اسلام کے موجودہ شرائط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج افسوس سے کچھ ایسے درندہ صفت لوگ مسلمانوں کے خون کے پیاسے ہو گئے ہیں، بچوں کے سر کاٹتے ہیں، عورتوں کی عصمت دری کرتے ہیں اور خود کو مجاہد فی سبیل اللہ کا لقب دیتے ہیں اس سے بڑی مصیبت عالم اسلام پرکیا ہو گی؟
انہوں نے کہا: آج مسلمانوں کے لیے رنج و الم کے ایام ہیں اور صہیونیوں کے خوشی اور مسرت کے ایام اس لیے کہ وہ مسلمانوں کو ایک دوسرے کے دست و گریباں کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور مسلم کشی سے لذت کا احساس کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: افغانستان سے پاکستان اور شام سے عراق تک مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ یہ تمام غیر انسانی اقدامات کلمہ لا الہ الا اللہ کے پرچم تلے انجام پا رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کا خدا شیطان کے علاوہ کوئی خدا نہیں ہے اور ان کے پرچم کا کلمہ لا الہ الا الشیطان ہے۔
صدر مملکت نے کہا: آج ہمیں ہر دور سے زیادہ اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے مسلمانوں کو آج صلح حسنی کا پرچم لہرانا چاہیے اور اس آنے والے مہینے ماہ رمضان کی حرمتوں کا لحاظ رکھتے ہوئے مسلم کشی کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔
انہوں نے علمائے اسلام، مذہبی گروہوں، اسلامی اداروں اور شیعہ سنی بزرگ علماء سے اپیل کی کہ سب مل کر اس درندگی، تشدد، قتل و غارت اور جاری خون خرابے کے خلاف ٹھوس اقدام کریں اور دشمن کی شرارتوں پر پانی پھیریں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا: شیعہ و سنی کے درمیان دنیائے اسلام میں کوئی اختلاف نہیں ہے وہ ایک دوسرے کے بھائی ہیں صدیوں سالوں سے شیعہ سنی عراق، ایران، شام، لبنان، افریقا اور دنیا کے کونے کونے میں ایک ساتھ پیار و محبت سے زندگی بسر کرتے آئے ہیں اور ایک دوسرے کی مساجد میں ایک امام کے پیچھے نماز پڑھتے آئے ہیں۔
انہوں نے اہل بیت(ع) کے سلسلے میں شیعہ سنی کتابوں میں موجودہ احادیث کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت(ع) سے محبت جو ایک قرآنی اصل ہے تمام مسلمانوں کے درمیان وحدت کا باعث بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس پروگرام میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی کاوشوں سے تیار شدہ اہل بیت(ع) انسائکلو پیڈیا پر مبنی ’’ویکی شیعہ‘‘کے عنوان سے ویب سائٹ wikishia.net صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے ہاتھوں افتتاح ہوئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲