ابنا: افغانستان میں انتخابات کے متعلق شکایات سننے والے کمیشن نے صدارتی انتخابات کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل میں اقوام متحدہ کی ثالثی پر منفی رد عمل ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے صدر حامد کرزئي نے اقوام متحدہ کو انتخابات کے مسائل میں ثالثی کرنے کی اجازت دی ہے۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شکایات کا جائزہ لینے والے کمیشن کے ترجمان نادر محسنی نے کہا ہےکہ صدارتی انتخابات کے بعد پیش آنے والے مسائل میں اقوام متحدہ کی ثالثی سے مسائل حل نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ یا کوئي اور ادارہ انتخابات کے کمیشنوں کی موجودگي میں انتخابات کے مسائل میں مداخلت نہيں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو افغانستان کے انتخابی عمل کا ذمہ دار بنانا ایسے عالم میں جبکہ انتخاباتی اداروں کو نظرانداز کیا جائے افغانستان میں جمہوریت اور استحکام کے لئے مفید نہیں ہے۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئي نے صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کی جانب سے اسپیشل کمیٹی بنانے کی درخواست کے باوجود اقوام متحدہ کو اجازت دی ہےکہ وہ انتخابات کے مسائل حل کرنے کےلئے مداخلت کرے۔ عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن دھاندلی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امیدواروں کے نمائندوں سے تشکیل شدہ اسپیشل کمیٹی بنائي جائے تا کہ مسائل کو حل کیا جاسکے۔
.......
/169