18 جون 2014 - 13:43
امریکہ کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں: ڈاکٹر لاریجانی

اسلامی جمہوریۂ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے مقابلے کے بارے میں مغربی ممالک خاص طور پر امریکہ کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں پائی جاتی اور وہ اس سلسلے میں ٹیکٹیکل رویہ اپنائے ہوئے ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریۂ ایران کی  پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے مقابلے کے بارے میں مغربی ممالک خاص طور پر امریکہ کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں پائی جاتی اور وہ اس سلسلے میں  ٹیکٹیکل رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے آج شہر جاسک میں کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے سلسلے میں مغربی ملکوں کے دوہرے رویئے سے علاقے میں انارکی پھیلی ہے اور آئے دن  بری و بحری راستوں سے دہشت گردانہ کاروائیوں کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہاکہ گذشتہ تین دہائیوں ميں جنگوں کے تجربے سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ خلیج فارس اور مشرق وسطی کے علاقے کشیدہ رہے ہيں اور بڑی طاقتوں کی للچائی نظریں اس بات کا باعث بنی ہیں کہ معاشی منصوبوں  کے ساتھ ساتھ فوجی اور سکورٹی منصوبے بھی تیار کئے گئے ہيں ۔ انہوں نے اسی طرح امریکہ کے توسط سے عراق پر غاصبانہ قبضے کو ایک غیر عاقلانہ اقدام قرار دیا جو امریکہ کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے اور اس سےامریکہ کوجانی و مالی نقصان کے ساتھ ساتھ اس کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ اسلامی جمہوریۂ ایران کے اسپیکر، بحریہ کے اقتدار اور سواحل مکران میں توسیع سے موسوم دوسرے قومی سیمینار میں شرکت کے لئے جاسک گئے ہيں ۔ جاسک جنوبی ایران کے صوبے ہرمزگان کا ایک شہرہے جو بحیرۂ عمان سے نزدیک ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲