17 جون 2014 - 11:04
وزیر خارجہ : گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ حتمی معاہدے کاامکان موجود

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اگر پانچ جمع ایک گروپ حقیقت پسندی سے مذاکرات کرے تو حتمی معاہدے کا امکان پایا جاتا ہے۔

ابنا: وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ویانا ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ گذشتہ چند مہینوں میں پانچ جمع ایک گروپ کے ساتھ مختلف موضوعات پر بحث ہوئي ہے اور اس مرحلے میں حتمی معاہدے کا متن تیار کیا جانا چاہیے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ جو چیز مغربی حکام کے حوالے سے سنی گئي ہے وہ یہ ہے کہ انہوں نے بیس جولائي تک حتمی معاہدہ طے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اب بھی ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں البتہ اس مرحلے کے مذاکرات کے بعد بھی ایک مہینے کا وقت ہے اور اگر ہمارے مدمقابل سنجیدہ ہوں تو حتمی معاہدے کا امکان پایا جاتا ہے۔ واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اپنے وفد کے ہمراہ پانچ جمع ایک گروپ کے ساتھ پانچویں مرحلے کے مذاکرات کے لئے ویانا پہنچے ہیں۔ وہ آج ویانا میں یورپی یونین میں خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کے ساتھ ورکنگ ڈنر میں مذاکرات کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ پانچویں دور کے مذاکرات کو نہایت حساس قراردیا جارہا ہے کیونکہ ان مذاکرات سے پہلے ایران نے امریکہ، روس، جرمنی نیز فرانس کے وفود سے مذاکرات کئے تھے۔

.......

/169