ابنا: رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے اس امر پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران، عراق میں جاری صورتحال کا حساسیت اور گہرائی کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے کہا کہ بلا شبہ عراق میں یہ صورتحال ، اس ملک کے سیاسی عمل میں تبدیلی لانے اور اثرانداز ہونے کے مقصد سے پیدا کی گئی ہے اور ثبوت و شواہد سے بھی اس امرکی نشاندہی ہوتی ہے کہ امریکہ ، عراق کی موجودہ صورتحال سے غلط فائدہ اٹھانے اور انتخابات کے نتائج کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے ۔ محترمہ افخم نے کہا کہ قطعی طور پر وہ ممالک جو عراق میں بدامنی کے ذمہ دار ہیں ان سے کسی قسم کی مدد وحمایت کی توقع نہيں رکھنی چاہئے اسی لئے اسلامی جمہوریۂ ایران عراق میں امریکی مداخلت کا سختی سے مخالف ہے ۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے افغانستان کے دوسرے دور کے صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر افغان حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ محترمہ مرضیہ افخم نے کہا کہ افغان عوام کے منتخب صدر کو اسلامی جمہوریۂ ایران کی حمایت حاصل رہے گي اور اسلامی جمہوریۂ ایران افغانستان کے ساتھ مضبوط روابط کا خواہاں ہے ۔ واضح رہے کہ افغانستان کے دوسرے دور کے صدارتی انتخابات ہفتے کے روز ہوئے ان انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان دو جولائی کو اور حتمی نتائج کا اعلان اس کے بیس روز بعد کیا جائے گا۔
.......
/169