31 مئی 2014 - 20:22
ہندوستان میں عصمت دری کے بھیانک جرائم، اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں دلت لڑکیوں کی اجتماعی عصمت دری اور بے رحمی سے ان کے قتل کے واقعے پر اقوام متحدہ نے اپنے ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے بھیانک جرم قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں دلت لڑکیوں کی اجتماعی عصمت دری اور بے رحمی سے ان کے قتل کے واقعے پر اقوام متحدہ نے اپنے ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے بھیانک جرم قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان اسٹیفن ڈارك نے پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئےکہا کہ دو لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری اور قتل ایک خوفناک جرم ہے اور اس طرح کے واقعات پر کہنے کے لئے کوئی الفاظ نہیں مل رہے ہیں کیونکہ یہ ایک خوفناک واقعہ ہے۔ انھوں نےکہا کہ قانون کے تحت تمام شہریوں کی حفاظت ہونی چاہئے۔
درایں اثنا ہندوستان میں وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اتر پردیش میں بدايوں کے كٹرا گاؤں میں دو پسماندہ ذات کی لڑکیوں کی مبینہ اجتماعی آبرو ریزی کے بعد انھیں درخت سے لٹکا کر قتل کردینے کے واقعہ پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اترپردیش حکومت سے معاملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، جمعہ کو اس معاملے میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جس میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہے۔ دو پولیس افسران کو اس سلسلے میں مجرمانہ سازش رچنے کے معاملے میں برخواست کردیاگیاہے۔
 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲