اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی صدر باراک اوباما غیراعلانیہ اور اچانک افغانستان کے دورے پر پہنچے ہیں جہاں انہوں نے کمانڈروں سے خطاب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ رواں سال افغانستان سے فوجی انخلا کا عمل مکمل ہوجائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابل کے بگرام ایئر بیس پرامریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہو ئے باراک اوباما نے کہا کہ ہمیں اپنے اہلکاروں پرفخر ہے اور میں افغانستان میں خدمات دینے پر آپ کو خراج تحسین پیش کرنے آیا ہوں، ہم نے افغانستان میں طالبان کی کارروائیوں کو روکا، افغان صدارتی انتخابات میں عوام نے بغیرکسی خوف کے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ رواں سال افغانستان سے فوجی انخلا کا عمل مکمل ہوجائے گا اور جلد ہی 2014 کے بعد افغانستان میں رکنے والے فوجیوں کی تعداد کا اعلان کیا جائے گا ۔
ادھر ایک امریکی عہدہ دار نے کہا ہے کہ افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے باراک اوباما سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا ہے ۔فرانس چینل کی رپورٹ کے مطابق اس امریکی عہدہ دار نے بتایا کہ چونکہ دونوں ملکوں کے سربراہوں سے ملاقات کا کوئی پروگرام پہلے سے طے نہیں تھا اس لئے افغان صدر نے باراک اوباما سے ملنے سے انکار کردیا جس پر امریکہ کو کوئی تشویش نہیں ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲