اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین کے مختلف رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا اور ملت جعفریہ کی نسل کشی کے خلاف آزاد عدلیہ سمیت محب و طن سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مجلس وحدت مسلمین کے ان رہنماؤں نے کہا کہ کتنی افسوسناک بات ہے کہ کراچی کے عوام خود کو اپنے ہی شہر میں غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ ان ذرائع کے مطابق پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین کے مختلف رہنماؤں نے مظاہرین سے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میں گزشتہ 2 ماہ میں ۷۰ افراد کو دہشتگری کا نشانہ بنایا گیا مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی میں ملوث کسی دہشتگرد کو گرفتار نہیں کیا، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کو روکنے کے بجائے نہتے شہریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں اور بے گناہ شیعہ مسلمانوں کو ٹارگٹ کلر بنا کر گرفتار کیا جارہا ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔دریں اثنا مجلس و حدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کراچی گزری میں نجی شیعہ اسکول کی بس پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو دہشتگردوں پر چھوڑ دیا گیا ہے اور اب عبادت گاہوں کے باہر بھی نماز یوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے یہ بات واضح ہے کہ یہ کالعدم گروہ، سامراجی ایجنٹ ہیں جو اسلام کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲