اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان نے تحریک طالبان پاکستان سے مستقل جنگ بندی کے اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے تاکید کی ہے کہ وہ امن مذاکرات کو جاری رکھنے کیلئے تمام تر اقدام کرے۔
لیاقت باغ میں اتوار کو ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم طالبان سے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں اور امن مذاکرات کے جاری رہنے کے خواہاں ہیں۔ حکومت پاکستان کو بھی مثبت طریقہ کار اپنانا چاہئے اور گولیوں کے بجائے ہمیں منطقی دلائل کا مبادلہ کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو سیاسی و اقتصاد ی دہشتگردی کا بہت بڑا چلینج درپیش ہے۔ اس سیاسی و اقتصادی دہشتگردی سے نجات حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم بدعنوانی اور آمریت کو ختم کریں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی شریعت کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے۔ کیونکہ ہمارا ملک ایک اسلامی ملک ہے لہٰذا یہاں شریعت کا نفاذ ہونا لازمی ہے۔ بعض لوگ ملک کو ایک سیکولر سٹیٹ بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ لیکن اُن کے اس مکروہ خواب کو شرمندۂ تعبیر نہیں ہونے دیا جائیگا کیونکہ مسلمانوں نے یہاں اسلامی ملک کے قیام کیلئے قربانیاں پیش کی ہیں نہ کہ سیکولر سٹیٹ کیلئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آمر حکمرانوں نے ملک کو اقتصادی بھنور میں پھنسایا ہے۔ غریبوں کو ڈاکوؤں اور لٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے۔ جبکہ امراء پر اربابِ اقتدار کا سایہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲