20 اپریل 2014 - 11:22
اسلامی تحریک میں عورتیں، مردوں سے کم نہیں تھیں : روحانی

اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک کی تشکیل میں عورتوں کا کردار مردوں سے کم نہیں رہا ہے۔

ابنا: صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آج تہران میں " معیشت و ثقافت کے شعبے میں عورتوں کے کردار" کے عنوان سے منعقدہ قومی کانفرنس میں حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کی عظمت و منزلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں نہ مرد پہلی جنس ہے اور نہ عورت دوسری جنس ، عورت اور مرد ایک دوسرے کے مدمقابل نہيں ہیں بلکہ عورتیں، مردوں کے شانہ بشانہ انسانی عظمت و کرامت کی حامل ہيں۔اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے اس امر پر تاکید کرتے ہوئے کہ نہ عورت کو مرد پر برتری حاصل ہے اور نہ ہی مرد، عورت سے بلند وبالا ہے کہا کہ ایران کی تاریخ میں خواتین صدیوں قبل سے اپنے حقوق کو اہمیت دیتی اور وہ ترقی و کمال کی درپے رہی ہیں۔ ڈاکٹر روحانی نے مختلف سیاسی شعبوں میں خواتین کی موجودگي کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین، اسلامی تحریک کےآغاز سے ہی  صف اول ميں تھیں اور ہرجگہ وہ ایران کے اسلامی انقلاب کے پرچم کو مردوں کے شانہ بشانہ اپنے کاندھوں پر اٹھائے ہوئے تھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو مساوی طور پر سماجی حقوق، تحفظ اور مواقع سے بہرہ مند ہونا چاہئے۔ صدر مملکت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران ميں خواتین کو مستقبل کے راستے کی راہنمائی کے لئے مغربی ملکوں کو آئیڈیل بنانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کہا کہ عورت نہ صرف ثفافت و معیشت کے شعبے میں اثر انداز ہوسکتی ہے بلکہ وہ تمام میدانوں میں قدم جمانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

.......

/169