16 اپریل 2014 - 11:52
شیعہ سنی اور بلوچ سب آپس میں بھائی اور پرچم اسلام و ایران کے زیر سایہ ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کسی کو اس بات کاحق حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنی پارٹی یا گروہ کے مفادات کے لئے سیستانیوں، بلوچوں یا زابلیوں کے نام سے غلط فائدہ اٹھائے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کسی کو اس بات کاحق حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنی پارٹی یا گروہ کے مفادات کے لئے سیستانیوں، بلوچوں یا زابلیوں کے نام سے غلط فائدہ اٹھائے۔ صدر جناب حسن روحانی نے آج جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر زابل میں عظیم عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیستان و بلوچستان کو، ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور یہاں کے عوام کی مشکلات حل کرنے کےلئے پہلا قدم یہ ہونا چاہیئے کہ اس خطے کے عوام اتحاد، یکجہتی اور اخوت اسلامی کو اپنے درمیان مستحکم کریں۔ صدر مملکت جناب حسن روحانی نے کہا کہ اس صوبے کے تمام عوام خواہ شیعہ ہوں یا سنی اور یا پھر بلوچ، سب آپس میں برادر ہیں اور اسلام و ایران کے پرچم تلے پیار ومحبت سے زندگي بسر کر رہے ہیں اور یہ خدا، قرآن ، پیغمبر اسلام اور اہل بیت اطہار علیھم السلام کا حکم ہے کہ سب ایک دوسرے کو مہربانی اور اخوت کی نگاہ سے دیکھیں اور یہی اس خطے کے عوام کی ترقی، کامیابی اور سلامتی کا راز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و ترقی کے ساتھ ساتھ دوسری اہم بنیاد،اس صوبے میں سکیوریٹی سے مربوط ہے ۔ صدرجناب حسن روحانی نے کہا کہ مسلح افواج، سپاہ پاسداران اور پولیس نیز بسیج اپنے فرائض انجام دیں گي لیکن قبیلوں کو بھی اس سنگين ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر روحانی، کابنیہ کے بعض اراکین کے  ہمراہ جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے دورے پر ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲