اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپور ٹ کے مطابق ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے ڈپٹی اسپیکر محمد حسن ابوترابی فرد نے ایران کے صوبے یزد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے ایران مخالف بیان سے ایران کی بہادر قوم کے عزم و ارادے ميں کسی قسم کا اضمحلال واقع نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے دشمنوں نے گذشتہ 35 برسوں میں ایران کے خلاف مختلف ثقافتی، سیاسی، فوجی اور معاشی حربے استعمال کئے ہیں تاہم یہ تمام حربے ناکام رہے ہیں ۔ محمد حسن ترابی فرد نے کہا کہ یہ شہدا کی جانفشانیوں کی برکت ہے کہ ملت ایران ایٹمی مسئلے میں، پوری طاقت کے ساتھ اپنے مسلمہ حق پر ڈٹی ہوئی ہے ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے بھی یورپی پارلمینٹ کی قرارداد کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔ محترمہ مرضیہ افخم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کے لئے نا سازگار، بے بنیاد اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے کچھ انتھا پسند اراکین نے صہیونی حکومت اور ایران مخالف دھڑوں کے زیر اثر اور اپنے آئندہ انتخابات کے لئے فائدہ اٹھانے کے لئے اس قرارداد کو منظور کروانے میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد کسی بھی سیاسی اور عالمی معیار و منطق کے مطابق نہیں ہے بلکہ تعصب اور نسل پرستی سے بھری تاریخ کی یاد دلاتی ہے ۔
............
242