28 مارچ 2014 - 19:30
دہشتگرد پاکستان سے برادرانہ تعلقات خراب کرنیکی کوشش کر رہے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی

اپنے ایک انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اچھے ہمسائے ہونے کے ناطے پاکستان سے دردمندانہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھائے اور آئندہ ایسے واقعات نہ ہونے کی یقین دہانی کرائے۔

ابنا: اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروپ دونوں ممالک  کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو خراب کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ پاکستان اغوا کئے گئے 5 سرحدی محافظوں کی رہائی کیلئے کوششیں تیز کرے۔ ایرانی صدر جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ممنون حسین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان ایران کے سرحدی محافظوں کی بحفاظت بازیابی کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ایران سے مکمل تعاون کیا جائیگا۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ وہ سرحدی محافظوں کی بازیابی کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اپنے سکیورٹی گارڈز کی بازیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ سے بھی مدد طلب کی گئی ہے، امید ہے عالمی برادری بھی اس مسئلے کو سنجیدہ لے گی۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ سرحدی محافظوں کا اغوا اور مبینہ قتل کسی صورت برداشت نہیں، اچھے ہمسائے ہونے کے ناطے پاکستان سے دردمندانہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھائے اور آئندہ ایسے واقعات نہ ہونے کی یقین دہانی کرائے۔ علاوہ ازیں ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی اور مذہبی رہنما اور تہران کے عارضی امام جمعہ آیت اللہ سید خاتمی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جنت نہ بنے اور دہشت گرد گروہ جیش العدل کیخلاف سخت کارروائی کرے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو مغوی ایرانی سرحدی محافظوں کے تحفظ کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ نماز جمعہ کے اجتماع میں ایرانی رہنما آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ حکومت پاکستان ایرانی محافظوں کو اغوا کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدام اٹھائے۔......./169