1 مارچ 2014 - 20:30
ایران کی سرگرم سفارتکاری، لبنانی حکام سے ملاقاتیں

لبنان کے وزیر خارجہ جبران باسیل نے علاقے میں ایران کے مقام کو اہم اور موثر قرار دیا ہے۔

ابنا: رپورٹ کے مطابق لبنان کے وزیر خارجہ نے بیروت میں ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی کی قیادت میں آنے والے اعلی سطحی پارلیمانی وفد کے ساتھ ملاقات میں تاکید کی کہ علاقے میں ایران کا اہم مقام ہے اور ایران کے ساتھ باہمی تعاون تمام علاقائی ملکوں کے فائدے میں ہے۔ جبران باسیل نے ایران کی جانب سے صیہونی حکومت کے مقابلے کے لئے لبنان کی ہمہ جہتی حمایت کی قدردانی کی اور کہا کہ ملت لبنان کبھی بھی ایران کی مدد اور اس ملک کی حکومت کی حمایت کو فراموش نہیں کرسکتا۔لبنان کے وزیر خارجہ نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن جوہری ٹیکنالوجی کا حصول، ایران کا مسلمہ حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ باب سب پر واضح ہو چکی ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔اس ملاقات میں پارلیمنٹ میں قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاءالدین بروجردی نے بھی بحران شام کے سیاسی راہ حل پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت علاقائی و عالمی ممالک اس حقیقت تک پہنچ چکے ہیں کہ شام کے بحران کا راہ حل صرف سیاسی ہی ہے۔واضح رہے کہ جمعرات کو ایک اعلی سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ لبنان پہنچے، جہاں انہوں نے اس ملک کے اعلی حکام سے ملاقات میں دوجانبہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے اپنے دورہ لبنان میں بیروت میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے لبنان و علاقے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور علاقائی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔......./169