21 فروری 2014 - 20:30
قم المقدسہ، مجلس علماء شیعہ یورپ کے وفد کا ایس یو سی کے دفتر کا دورہ، رہنمائوں سے ملاقات

یورپ سے ایران کے مقامات مقدسہ کی زیارت کے لئے آئے ہوئے علمائے کرام کے وفد نے مجلس علماء شیعہ یورپ کے صدر علامہ سید علی رضا رضوی اور بزرگ عالم دین علامہ سید امیر حسین نقوی کی سربراہی میں شیعہ علماء کونسل قم المقدسہ کے دفتر کا دورہ کیا اور قریب سے اس کی کارکردگی کو دیکھا۔ دفتر قم کے اراکین نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

ابنا: قم میں دفتر کے مہتمم علامہ مظہر حسین حسینی نے ابتدائیہ کلمات میں مجلس علماء شیعہ یورپ کی ہیئت کے اراکین اور معزز علمائے کرام کو خوش آمدید کہا اور مجلس علمائے شیعہ یورپ کی کامیابی و کامرانی کی آرزو کے ساتھ انکی قبولی زیارات کی دعا کی اور کہا کہ آج علامہ ساجد نقوی سے رابطہ ہوا تھا انہوں نے بھی آپ حضرات کو سلام کہا ہے اور نیک تمنائوں کے ساتھ کامیابی و کامرانی کی دعا کی ہے اور فرمایا ہے کہ اس وقت ملت تشیع پاکستان اور وطن عزیر نہایت پر آشوب و کٹھن حالات سے گذر رہا ہے، ملت کی سربلندی اور وطن عزیز کے استحکام کے لئے مقامات مقدسہ پر دعا فرمائیں۔

مولانا مسرت زیدی نے دفتر قم کے اراکین اور طلاب قم کی طرف سے اپنے معزز مہمانوں اور مجلس علماء شیعہ یورپ کے اراکین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ قائد شہید نے قبائے قیادت سنبھالتے ہی قم پر خصوصی توجہ دی اور خصوصی حکم دیا کہ قم میں تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کا شعبہ قائم کیا جائے، تاکہ علماء قم متحد، متفق، ہم آہنگ، ایک آواز اور ایک موقف کے ساتھ وطن عزیز واپس آکر معاشرہ کی اصلاح کے ساتھ ساتھ قومی پلیٹ فارم اور قومی قیادت کا سہارا بنیں، الحمدللہ روز تاسیس سے لے کر آج تک قم کے علماء کرام قائد شہید کی امانت اور آرزو سے وابستہ ہیں، قم کے طلاب کی اکثریت قومی پلیٹ فارم اور مرکزی قیادت سے وابستہ ہے اور سب مل کرکام کر رہے ہیں۔

.......

/169