ابنا: ہندوستان کے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ ان کا ملک افغانستان کو برے وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گا اور اس ملک کی لاجسٹیک حمایت جاری رکھتے ہوئے اسے ہیلی کاپٹرز فراہم کریگا۔ انھوں نے افغانستان کے دورے سے واپسی پر طیارے میں نامہ نگاروں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، جنگ سے تباہ حال افغانستان کیلئے لاجسٹیک حمایت جاری رکھےگا تاکہ کابل حکومت اپنے کارگو طیاروں کو بحال کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان صدر حامد کرزئی نے ہندوستان سے جدید ساز و سامان فراہم کرنے کی درخواست کی تھی اور ان کا ملک بہت جلد افغانستان کو ہیلی کاپٹرز فراہم کرے گا ،تاہم انہوں نے ہیلی کاپٹرز کی تعداد یا ان کی نوعیت کے بارے میں بتانے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ افغانستان میں ہندوستان نے تعمیروترقی کے شعبے میں خاصا کام کیا ہے جس کی بدولت نہ صرف یہ کہ اس ملک میں ہندوستان کا اثرورسوخ بڑھا ہے بلکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کافی فروغ بھی آیا ہے۔
.......
/169