30 جنوری 2014 - 20:30
کراچی، ضلع جنوبی میں دفعہ 144 نافذ، ایرانی قونصلیٹ جانے پر پابندی

کراچی میں اہلسنت والجماعت کے احتجاج کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔ جمعرات رات بارہ بجے سے جمعے کی رات بارہ بجے تک ایرانی قونصلیٹ کی جانب جانے والے راستے بند رہیں گے۔

ابنا: کراچی کے ضلع جنوبی میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے۔ پابندی کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے کل رات بارہ بجے تک ہوگا۔ ایرانی قونصل خانے کی جانب جانے پر بھی پابندی ہوگی۔ کراچی میں اہلسنت والجماعت کے احتجاج کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔ جمعرات رات بارہ بجے سے جمعے کی رات بارہ بجے تک ایرانی قونصلیٹ کی جانب جانے والے راستے بند رہیں گے۔ ڈی ای پی کلفٹن عبادت نثار کے مطابق پابندی کے دوران کسی بھی شخص کو وہاں جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ٹریفک کے لئے بھی متبادل پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سی آئی ڈی افسر عمر خطاب نے پریس کانفرنس میں دو افراد کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان نے ہمسایہ ملک سے تربیت پائی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ گرفتار ملزمان فرقہ ورانہ دہشتگردی میں ملوث ہیں۔ گذشتہ روز ایرانی قونصل خانے کی جانب سے انچارج سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب کی پریس کانفرنس پر ردعمل اور فرقہ واریت کے مسئلے پر بیان میں کہا گیا تھا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد بیانات پاکستان اور ایران کے اچھے تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ تفرقہ سے صرف مسلم دشمن قوتوں کا فائدہ ہے جبکہ ایران مسلمانوں میں اچھے تعلقات کو فروغ دیتا آیا ہے۔

دوسری جانب سی آئی ڈی افسر راجہ عمر خطاب نے کہا ہے کہ ان کی پریس کانفرنس کو توڑ مروڑ کر غلط انداز میں پیش کیا گیا، انہوں نے کسی ملک کا نام نہیں لیا تھا بلکہ کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی گرفتاری ظاہر کی تھی۔ کراچی سے جاری پریس ریلیز میں انچارج سی آئی ڈی سیکٹیرین سیل راجہ عمر خطاب نے کہا کہ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی گرفتاری ظاہر کی تھی، تاہم کسی ملک کا نام نہیں لیا تھا، کچھ مذہبی اور سیاسی جماعتیں میرے بیان کو غلط انداز میں توڑ پھوڑ کر پیش کر رہی ہیں، جس کی میں تردید اور مذمت کرتا ہوں۔

.......

/169